براٹیسلاوا (محمد عامر صدیق سے) پاکستان کے پیشہ ور باڈی بلڈر یاسین خان نے سلوواکیا کے دارالحکومت براٹیسلاوا میں منعقدہ عالمی فٹنس کپ 2026ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور ٹرافی حاصل کر لی۔ بین الاقوامی مقابلے کا انعقاد 16 سے 18 اکتوبر تک ہوا، جس میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
یاسین خان نے اپنی بہترین جسمانی فٹنس، شاندار پوزنگ اور اسٹیج پر پُراعتماد انداز سے ججوں کو متاثر کیا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کی اس کامیابی کو پاکستان کیلئےاعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے یاسین خان واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور اس سے قبل مسٹر پاکستان اولمپک سمیت مختلف اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ عالمی سطح پر گولڈ میڈل اور ٹرافی جیت کر انہوں نے اپنے کھیل کے میدان میں ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کر لی۔
کامیابی کے بعد یاسین خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک بڑا لمحہ ہے اور یہ ٹرافی صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔
یاسین خان کی کامیابی پر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صحافی محمد عامر صدیق، ریاض بلوچ اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات، جن میں ملک حمزہ بھی شامل تھے، نے انہیں گولڈ میڈل اور ٹرافی جیتنے پر مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے کہا کہ ملک کا نام روشن کرنے والے محنتی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا تمام پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہنے سے انہیں مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان پر بھی زور دیا کہ کھیلوں کے شعبے میں کھلاڑیوں کو مناسب سہولتیں اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ مختلف ممالک میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شرکت کریں اور ان کی کامیابیوں کو سراہیں۔
پاکستانی کمیونٹی نے یاسین خان کو عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

