پاکستان میں 440 ٹاورز پر فائیو جی سروس شروع کر دی گئی: چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 440 ٹیلی کام ٹاورز پر فائیو جی سروس شروع کر دی گئی ہے، جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار کو اوسط درجے سے بہتر سطح تک لایا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد سے مضافاتی علاقوں کی جانب جاتے ہی انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی آ جاتی تھی، تاہم اب اس صورتحال میں بہتری لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے علاقے میں بھی ایک وقت انٹرنیٹ کی رفتار صرف ایک میگا بٹ فی سیکنڈ تھی، لیکن اب ملک میں 440 ٹاورز پر فائیو جی سروس کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ مئی کے دوران ملک میں اوسطاً 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں یہ دورانیہ 18 گھنٹے تک رہا، جس کے باعث ٹیلی کام سروسز بھی متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام ٹاورز کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دینے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو اس حوالے سے سفارشات مرتب کر رہی ہے۔