اسلام آباد (آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا، جبکہ یہ سیٹلائٹ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید تصویری ڈیٹا فراہم کرے گا۔
اسپارکو کے مطابق اس کامیابی سے مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، جو مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کی تکمیل اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر وزیراعظم نے اسپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خلائی شعبے میں چین کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔

