پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا سپر 60 لیگ کھیلنے کینیڈا پہنچ گئیں

وینکوور (نامہ نگار) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کینیڈا سپر 60 لیگ کے دوسرے سیزن میں شرکت کیلئےکینیڈا پہنچ گئیں۔فاطمہ ثنا کینیڈا سپر 60 لیگ میں وینکوور اینکرز کی نمائندگی کریں گی۔ کینیڈا سپر 60 کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی وینکوور اینکرز ویمن کی ٹیم میں فاطمہ ثنا کا نام شامل ہے۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہ ہونے کے باعث فاطمہ ثنا کو لیگ میں شرکت کیلئے این او سی جاری کیا گیا ہے۔

کینیڈا سپر 60 کا دوسرا سیزن 29 ستمبر سے 4 اکتوبر تک وینکوور کے بی سی پلیس میں کھیلا جائے گا۔ لیگ میں مردوں اور خواتین کی مقابلے شامل ہوں گے۔کینیڈا سپر 60 کی خواتین کے مقابلوں میں وینکوور اینکرز کے علاوہ ٹورنٹو سکسئرز اور وینکوور واریئرز کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔فاطمہ ثنا رواں سال انگلینڈ کی خواتین کی لیگ ’’دی ہنڈرڈ‘‘ میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔