پاک ایران تجارت: تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن درآمد و برآمد کیلئے لینڈ کسٹمز اسٹیشن قرار

اسلام آباد / تہران(ایجنسیاں)پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن کو درآمد و برآمد کیلئے لینڈ کسٹمز اسٹیشن قرار دے دیا ہے۔

ایف بی آر کے اس فیصلے کے بعد ریل کے ذریعے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حمل آسان ہوگی، لاگت میں کمی آئے گی اور قانونی تجارت کے حجم میں اضافے کی توقع ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن پر سامان کی لوڈنگ، اَن لوڈنگ، کسٹمز کلیئرنس اور درآمد و برآمد سے متعلق تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔