ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب،صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر
کی بطور مہمان خصوصی شرکت، فاتح ٹیموں میں 55 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم
لاہور ڈویژن 31 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی، فیصل آباد 11 گولڈ میڈلز کے
ساتھ دوسری اور راولپنڈی 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہا
پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز 2026 کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں ہونیوالی رنگارنگ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرتھے، انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں 55لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے، اختتامی تقریب میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی، پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران سمیت پاکستان کے تمام صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے تمام ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز 2026 میں لاہور ڈویژن نے 31 گولڈ میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، فیصل آباد ڈویژن 11 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ راولپنڈی ڈویژن 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہا۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز میں 2 ہزار سے زائدکھلاڑیوں نے شرکت کی اور ان گیمز نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے، پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے حوالے سے بھارت میں بھی آرٹیکلز شائع ہوئے ہیں، اس میگا ایونٹ کوبین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے، پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سکالرشپس دی جائیں گی، پنجاب حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے ذریعے کھیلوں کے شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، یوتھ گیمز میں پنجاب کے ایک کروڑ کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، پنجاب میں فٹبال کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کی اسپین کے سفیر سے ملاقات کے دوران فٹبال کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے،صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور چین ہمارا عظیم دوست ہے، سی پیک کے باعث ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، پاک چین دوستی مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے،پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب میں منعقد ہونے والی پہلی میراتھن میں 350 ایتھلیٹس نے شرکت کی تھی جبکہ رواں سال منعقد ہونے والی میراتھن میں 11 ہزار ایتھلیٹس نے شرکت کی،جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان سپورٹس کی جانب راغب ہورہے ہیں، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے پاک چائینہ فرینڈشپ گیمز کے کامیاب انعقاد پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی اور ان کی ٹیم، تمام ڈویژنل سپورٹس افسران سمیت میڈیا کے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمٰن نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز پاکستان اور چین کے درمیان نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوں گے،پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے افتتاح سے قبل چینی قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان سے تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں یوتھ افیئرز اور سپورٹس کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان اور چین صحت، تعلیم اور دفاع سمیت متعدد اہم شعبوں میں باہمی تعاون کر رہے ہیں، اب وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں اور کھیلوں جیسے اہم شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے، چینی قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان کے سامنے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت چین کے ماہر کوچز پاکستان آکر پاکستانی کوچز اور کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مزید تربیت کے لیے چین بھیجے گا،سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ کھیل اب دنیا بھر میں ایک انڈسٹری بن گئی ہے،پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پراٹنرشپ کے تحت کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی کو اجاگر کرنے کے لیے پنجاب میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کا انعقاد کیا، پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز کے لیے ہونے والے ٹرائلز میں 70 ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جن میں سے2 ہزار کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے مزید کہا ہے کہ تائی چی کے میگا ایونٹ میں پنجاب کے علاوہ ملک کے تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کا انقلابی اقدام شروع کیا ہے، جس کا مقصد صوبہ کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو جدید اور معیاری تربیت فراہم کرنا ہے،ہم کھیلوں کی تربیت کے حوالے سے چینی ماڈل کو بھی مدنظر رکھ رہے ہیں، جہاں تعلیم اور کھیل دونوں کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سپورٹس اینڈوومنٹ فنڈ کے تحت ماہانہ سکالرشپ دیئے جارہے ہیں، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر پروگرام کے تحت میگا سپورٹس ایونٹس منعقد کرنے جارہا ہے،جن میں سی ایم پنجاب یوتھ گیمز بھی شامل ہیں۔

