پمز میں جاں بحق ہونے والا ایک نومولود لاوارث تھا:مصطفیٰ کمال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں 26 اگست کو آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں میں سے ایک لاوارث تھا۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق لاوارث بچے کی تدفین ایدھی فاؤنڈیشن نے کی، جبکہ حکومت کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق 21 جون کو ایک خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد اسے اسپتال میں چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ اس کے بعد سے بچہ پمز اسپتال کی نرسری میں زیرِ نگہداشت تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی شناخت اور میتیں لواحقین کے حوالے کیے جانے کے وقت مذکورہ بچہ لاوارث تھا۔ بچے کے حوالے سے کسی شخص نے شکایت یا دعویٰ نہیں کیا، جبکہ بچے کی والدہ تاحال لاپتا ہے۔

واضح رہے کہ 26 اگست کو پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔