پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈیفنس ڈے کے حوالے سے خواتین ہاکی میچ کا انعقاد

میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب وومن ہاکی ٹیم نے پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن وومن
ونگ کی ٹیم کو3-1 سے شکست دی، دونوں ٹیموں میں قومی کھلاڑیوں کی بھی شرکت

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی بطور مہمان خصوصی شرکت، خواتین ہاکی میچ کے
انعقاد کا مقصد ہمارے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب

پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ڈیفنس ڈے کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں خواتین ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن وومن ونگ کی صدر عابدہ تنویر، سیکرٹری راحت خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، سابق ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، انٹرنیشنل ہاکی پلئیر رابعہ قادر، کرنل آصف ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔کھلاڑیوں نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہاکی میچ کے انعقاد کا مقصد ہمارے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، پاکستان کی بہادر افواج نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزید کہا کہ قومی مینز ہاکی ٹیم کا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا خوش آئند تھا اور یہ پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب وومن ہاکی ایسویسی ایشن وومن ونگ کے باہمی تعاون سے ڈیفنس ڈے کے حوالے سے ہونیوالے میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب وومن ہاکی ٹیم نے پنجاب وومن ہاکی ایسوسی ایشن وومن ونگ کی ٹیم کو 3-1 شکست دے دی، دونوں ٹیموں میں قومی وومن ہاکی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی ہے۔ میچ کے اختتام پر ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا ٹیموں کی کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا اور گروپ فوٹوز بھی بنوائے گئے،ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔