لاہور (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم سے 60 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں، اگر یہ اسکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو حکومت اسے جاری رکھے گی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنے وسائل میں کٹوتی کرے گی۔ اگر سستے پیٹرول کی اسکیم 10 ماہ تک بھی چلانی پڑی تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کرکے یہ رقم عوام پر خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے کے لیے جنگ کے خاتمے تک پیٹرول ریلیف اسکیم جاری رکھے گی، جبکہ اسکیم پر حکومت ماہانہ 35 سے 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق گزشتہ ہفتے ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ اگر پیٹرول کی قلت ہوئی تو قیمتوں کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں ہوگا، تاہم پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اپوزیشن کو سیاست بعد میں اور ملک کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ ریاست کو دھمکانے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے اور کسی کو ریاست پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کسی کا وجود ہے اور نہ سیاست۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھ کر کسی کو آزاد کرایا جاسکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ جاکر فاتحہ خوانی کریں۔

