اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکومت کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق 28 جولائی سے ہوگا۔
اس سے قبل 24 جولائی کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں 25 جولائی کیلئےڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 335 روپے 18 پیسے اور ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا، جو 27 جولائی تک برقرار رہے۔
واضح رہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے بعد 18 جولائی کو پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔
بعد ازاں عالمی منڈیوں کی بندش کے باعث 21 جولائی کو قیمتوں کا تعین کیا گیا، جس کے تحت پیٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔
اسی طرح 22 جولائی کیلئے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر بڑھایا گیا تھا۔ بعد ازاں 24 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

