پی ایم ڈی سی کی فلسطینی طلبہ پر ہاؤس جاب کی پابندی، کلینیکل ٹریننگ کی اجازت ہوگی

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے فلسطینی طلبہ سے متعلق فیصلہ کرلیا۔پی ایم ڈی سی کے مطابق فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں صرف کلینیکل ٹریننگ کی اجازت ہوگی، ہاؤس جاب، پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ اور رجسٹریشن نہیں ہوگی۔

فلسطینی طلبہ کو کلینیکل ٹریننگ کی سہولت مستقل پالیسی یا استحقاق تصور نہیں ہوگی، جبکہ غیر ملکی گریجویٹس کے لیے قومی رجسٹریشن امتحان کا قانونی راستہ موجود نہیں۔

14 جولائی کے اجلاس میں فلسطینی طلبہ کو مزید سہولت دینے کی درخواستیں مسترد کردی گئی تھیں۔ میڈیکل و ڈینٹل اداروں کو فلسطینی طلبہ سے متعلق پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ میڈیکل و ڈینٹل ادارے فلسطینی یا دیگر غیر ملکی طلبہ سے نئے وعدے اور یقین دہانیاں نہ کروائیں۔پی ایم ڈی سی نے فلسطینی میڈیکل و ڈینٹل طلبہ سے متعلق سرکلر تمام میڈیکل اداروں کو ارسال کردیا ہے۔