پی سی بی نے رات سوا 3 بجے بتایا، انگلینڈ ٹیسٹ کیلئے جانا ہے: ایشلے نوفکے

برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے کہا ہے کہ پی سی بی نے انہیں صبح 3 بج کر 15 منٹ پر پیغام دیا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے جا رہے ہیں۔

ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایشلے نوفکے نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی تبدیلی کسی بھی لحاظ سے حوصلہ افزا نہیں، تاہم ہمارا فوکس صرف کھیل پر ہے اور میں نے کھلاڑیوں کو بھی یہی مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اس بات کو سمجھتے ہیں اور ہمارا مقصد اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے۔

49 سالہ فاسٹ بولنگ کوچ، جو آسٹریلیا کی جانب سے ایک ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، نے ایجبسٹن کی پچ کے حوالے سے کہا کہ اس پر گھاس موجود ہے، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ٹیسٹ کے دوران بھی پچ پر اسی طرح گھاس رکھی جائے گی یا نہیں۔

پاکستان ٹیم کے کمبی نیشن سے متعلق سوال پر ایشلے نوفکے نے کہا کہ یہ سوال ابھی تھوڑا جلدی ہے، ٹاس سے پہلے اس بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔پاکستان بھیجے گئے کھلاڑیوں سے متعلق سوال پر فاسٹ بولنگ کوچ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں خاص معلومات نہیں اور یہ بات انہیں صحافی سے ہی معلوم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’مجھے اس سے متعلق کچھ خاص معلوم نہیں، آپ سے ہی پتہ چلا، لیکن مجھے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔‘‘صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہ کیا وہ امید کرتے ہیں کہ ایسا کچھ نہ ہو، ایشلے نوفکے نے کہا کہ ’’امید کرتا ہوں، ایسا کچھ نہ ہو، جس طرح آپ پوچھ رہے ہیں۔‘‘