دبئی (الجزیرہ، این ڈی ٹی وی) بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔
بھارتی ویمن ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم کامیابی کے بعد ہونے والی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں بھارتی کھلاڑی شریک نہیں ہوئیں اور ٹرافی وصول نہیں کی۔
بھارتی ویمن ٹیم کا یہ اقدام گزشتہ سال بھارتی مینز ٹیم کے اسی فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جب بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے باوجود محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے طے تھا، تاہم بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کے لیے ٹرافی تقریب میں موجود رہی لیکن اسے باقاعدہ طور پر حوالے نہیں کیا جاسکا۔
دوسری جانب سری لنکن ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے محسن نقوی سے رنرز اپ کا انعام وصول کیا، جس کے بعد تقریبِ تقسیمِ انعامات اختتام پذیر ہوگئی۔بھارتی ویمن ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے بعد ازاں کہا کہ یہ مؤقف بھارتی کرکٹ بورڈ نے اختیار کیا تھا اور ٹیم اس فیصلے پر متحد ہے۔

