کینیڈا میں کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے:اقراخالد

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہونے لگی، ملک بھر میں 3 لاکھ سے زائد کھلاڑی اس کھیل سے وابستہ ہیں، جبکہ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

کرکٹ ایڈووکیسی ڈے کے موقع پر گزشتہ روز دولتِ مشترکہ کے سالانہ کرکٹ میچ میں رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد، دیگر ارکانِ پارلیمنٹ اور دولتِ مشترکہ کے مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کہا گیا کہ کرکٹ کینیڈا میں تیزی سے ترقی کرنے والے کھیلوں میں شامل ہے اور کھیل کے ذریعے مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو باہم ملنے اور روابط مضبوط بنانے کے مواقع مل رہے ہیں۔

برامپٹن میں بھی کرکٹ کو کمیونٹی کی زندگی کا اہم حصہ قرار دیا گیا، جہاں شہر کو ’’کرکٹ کیپیٹل آف کینیڈا‘‘ کہا جاتا ہے۔سالانہ کرکٹ میچ کے انعقاد میں تعاون کرنے پر رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد اور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔