تہران( عرب میڈیا/مالیاتی رپورٹس)آبنائے ہرمز کھلنے کی خبر کے بعد عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں 13 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تقریباً 12 فیصد کمی کے بعد 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا، جبکہ برینٹ خام تیل میں 11 فیصد کمی کے بعد ریٹ 87 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔
رپورٹس کے مطابق مربن خام تیل بھی 11 فیصد کمی کے ساتھ 90 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا، جبکہ عالمی گیس کی قیمتیں تقریباً 2.64 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر مستحکم رہیں۔دوسری جانب یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، جہاں یورپی اسٹاک مارکیٹس میں تقریباً 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ، فرانس، جرمنی، برطانیہ اور اسپین سمیت مختلف یورپی مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی، جس کی وجہ خطے میں رسد کے بہتر ہونے اور جیو پولیٹیکل دباؤ میں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

