ممبئی (ہندوستان ٹائمز، مڈ ڈے، ٹائمز آف انڈیا) بھارتی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ بالآخر مہاراشٹر سائبر سیل کے سامنے پیش ہوگئے، جہاں ان سے مبینہ قابلِ اعتراض کلمات کے معاملے میں تقریباً دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔
اس سے قبل ہنی سنگھ نے بیرونِ ملک ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے 16 اکتوبر کے بجائے 22 اکتوبر کو پوچھ گچھ کیلئے پیش ہونے کی مہلت مانگی تھی، تاہم سائبر سیل نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی اور واضح کیا تھا کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کیخلاف سفری پابندی سے متعلق نوٹس جاری کرنے کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔
یہ معاملہ نئی دہلی میں ایک براہِ راست موسیقی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر قابلِ اعتراض کلمات کہنے سے متعلق شکایت کے بعد سامنے آیا۔ ویڈیو سماجی رابطوں پر پھیلنے کے بعد شکایت درج کرائی گئی اور ہنی سنگھ کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ اس سے پہلے تین مرتبہ طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے۔
ہنی سنگھ اس سے قبل اپنے بیان پر معذرت بھی کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کو ایسے انداز میں پیش کیا گیا جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچی، تاہم ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ سائبر سیل میں بیان ریکارڈ کرانے کے بعد وہ سخت حفاظتی انتظامات میں وہاں سے روانہ ہوگئے۔

