یورپی فضائی حفاظتی ادارے نے خلیجی فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کر دی

کولون (ایجنسیاں)یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یورپی فضائی کمپنیوں کو خلیج کی فضائی حدود میں پروازوں سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ای اے ایس اے کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ خلیجی فضائی حدود میں شہری طیاروں کو غیر متوقع میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے یورپی فضائی کمپنیوں کو متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر اور عمان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ادارے کے مطابق یہ احتیاطی اقدامات خطے میں جاری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ شہری ہوا بازی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے بھی ایران، عراق اور لبنان کی فضائی حدود کے حوالے سے اسی نوعیت کی حفاظتی ہدایات جاری کی تھیں، جن میں فضائی کمپنیوں کو ان علاقوں میں پروازوں کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔