یورپی یونین کا 13 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز

پیرس (علی اشفاق سے) یورپی یونین نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق اہم اقدام کی تجویز پیش کردی، جس کے تحت 13 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی جبکہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ 13 اور 14 سال کی عمر کے بچے والدین یا سرپرست کی جانب سے بنائے اور زیرِنگرانی رکھے جانے والے اکاؤنٹس استعمال کرسکیں گے، تاہم ان میں بعض سہولتیں محدود ہوں گی اور روزانہ استعمال کے لیے وقت کی حد بھی مقرر کی جاسکے گی۔

منصوبے کے تحت 15 سے 17 سال کی عمر کے صارفین کے لیے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ یورپ میں نوجوان روزانہ 4 سے 6 گھنٹے اسکرینوں پر گزارتے ہیں، جبکہ بعض پلیٹ فارمز ایسی فیڈز اور سہولتیں استعمال کرتے ہیں جو صارفین کو زیادہ دیر تک آن لائن رکھنے کے لیے بنائی گئی ہیں۔یورپی یونین کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات اور مجوزہ قانونی ضوابط بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔