کوالالمپور (ملائیشین میڈیا) ملائیشیا کے سابق فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کرلی، دونوں کی عمر میں 52 سال کا فرق ہے۔شادی کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے کے بعد سابق فٹبالر کی ازدواجی حیثیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
بعدازاں داتوک عبدہ الف کے چھوٹے بھائی اور سابق فٹبالر داتوک یونس الف نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کی تقریب 27 اگست 2026 کو ہوئی تھی۔داتوک یونس الف کے مطابق دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند تھے اور شادی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔
انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ان کے بھائی اس وقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہیں، اسی وجہ سے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے۔داتوک عبدہ الف کے ایک دوست نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونےوالی شادی کی تصاویر کو مستند قرار دیا، تاہم انہوں نے شادی کی تقریب کے مقام اور دیگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
داتوک عبدہ الف ملائیشیا کی فٹبال ٹیم کے سنہری دور، خصوصاً 1970 کی دہائی کے اواخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔انہوں نے 1980 کے ماسکو اولمپکس کیلئے ملائیشیا کی ٹیم کوالیفائی کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم بعدازاں ملائیشیا نے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شرکت نہیں کی۔

