بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا عہد ختم ہونے کو ہے، فرح خان کی نئی نسل کے اداکاروں پر تنقید

ممبئی (بھارتی میڈیا) بالی ووڈ کی معروف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے کہا ہے کہ فلمی دنیا میں سپر اسٹارز کا دور ختم ہو چکا ہے اور شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن اور اکشے کمار اس نسل کے آخری سپر اسٹارز ہیں۔

نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے پروگرام ’’ڈبل ڈیٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں کے رویّے پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے اداکاروں کو کسی پر اعتماد نہیں، انہیں ہدایت کار پر بھی بھروسا نہیں ہوتا اور وہ گانوں کی کوریوگرافی، موسیقی اور اداکاروں کے انتخاب سمیت فلم سازی کے مختلف شعبوں میں مداخلت کرتے ہیں۔

فرح خان کے مطابق اس طرزِ عمل کی بنیادی وجہ اداکاروں میں خود اعتمادی کی کمی ہے۔ انہوں نے اپنی فلموں ’’میں ہوں نا‘‘ اور ’’اوم شانتی اوم‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان نے کبھی ان کے انتخاب پر سوال نہیں اٹھایا۔ جب انہوں نے ’’میں ہوں نا‘‘ کے لیے سشمیتا سین اور ’’اوم شانتی اوم‘‘ کے لیے نئی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا تو شاہ رخ خان نے ان کے فیصلے پر مکمل اعتماد کیا۔

فرح خان نے کہا کہ آج کے بعض اداکار اچھی فلموں میں کام کرنے کے بجائے رسائل کے سرورق پر آنے اور ایوارڈ تقریبات میں شرکت کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، جبکہ سپر اسٹار بننے کے لیے خود اعتمادی، محنت اور اپنے کام سے وابستگی ضروری ہے۔

انہوں نے شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن اور اکشے کمار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ اداکار آج بھی اتنی ہی محنت کرتے ہیں جتنی اپنے فلمی کیریئر کے آغاز میں کرتے تھے، بلکہ بعض پہلے سے زیادہ کام کر رہے ہیں۔ فرح خان نے سلمان خان کے بارے میں کہا کہ وہ نہ چھٹی کا مطالبہ کرتے ہیں اور نہ اتوار کو شوٹنگ سے انکار کرتے ہیں۔

فرح خان نے سیٹ پر دیر سے تیاری کے ساتھ آنے والے اداکاروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکاروں کو اپنے مکالمے یاد کرکے سیٹ پر آنا چاہیے، نہ کہ وہاں پہنچ کر فلم کے دوسرے شعبوں میں تبدیلیوں کے مطالبات شروع کردیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اداکار اپنی پہلی فلم کے بعد چند فلموں میں کام کرکے خود کو سب کچھ جاننے والا سمجھنے لگتے ہیں اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کے زیرِ اثر آجاتے ہیں۔ فرح خان کے بقول شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن اور اکشے کمار جیسے اداکار ہی آخری سپر اسٹارز ہیں، اس لیے شائقین کو ان کے کام سے اس وقت تک لطف اندوز ہونا چاہیے جب تک وہ فلموں میں کام کر رہے ہیں۔