برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی، 4 ہزار پروازیں متاثر

لندن (ایجنسیاں) برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں فنی خرابی کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں تقریباً 4 ہزار ملکی و غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئیں، تاہم بعد ازاں تکنیکی خرابی دور کرکے نظام بحال کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کو پیش آنے والی خرابی کے باعث ایک ہزار 3 سو سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 2 ہزار 700 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ مسافروں کو طیاروں، رن ویز اور ایئرپورٹس کے ٹرمینلز میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق تکنیکی مسئلے کے باعث پورے برطانیہ میں فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) نے بتایا کہ شام کے وقت فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہونے والا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے، تاہم خرابی کے اثرات برقرار رہے اور ملک کے 15 ہوائی اڈوں سمیت مختلف مقامات پر پروازوں میں تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔

NATS کے مطابق ایئرلائنز اور ہوائی اڈے تاخیر کا شکار پروازوں کے بڑے بیک لاگ کو ختم کرنے میں مصروف رہے۔تکنیکی خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو، اسٹینسٹڈ اور سٹی ایئرپورٹس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم، گیٹ وِک، ایڈنبرا، لوٹن اور گلاسگو سمیت 15 بڑے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن متاثر ہوا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ پر مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ہیتھرو کی 527 پروازیں منسوخ جبکہ 430 تاخیر کا شکار ہوئیں۔لندن گیٹ وِک ایئرپورٹ پر 260 پروازیں منسوخ اور 312 میں تاخیر ہوئی، جبکہ لندن اسٹینسٹڈ پر 122 پروازیں منسوخ اور 300 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 150 سے 200 منٹ تک پہنچ گیا، جبکہ سسٹم میں خرابی کے باعث درجنوں پروازوں کا رخ بھی تبدیل کرنا پڑا۔ بیشتر متاثرہ پروازوں کو برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس، ڈسلڈورف اور یورپ کے دیگر ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔تکنیکی عملہ اور انجینئرز رات گئے تک خرابی کی وجہ تلاش کرکے نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے رہے۔