بلوچستان: خاران، واشک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

خاران، واشک (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر کو خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کردیا گیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے میں استعمال کیا جارہا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔