بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر سے شادی کی ضد کرنے والا نوجوان تشدد کے بعد دم توڑ گیا

نئی دہلی (این ڈی ٹی وی، انڈین ایکسپریس، انڈیا ٹوڈے) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سوشل میڈیا انفلوئنسر سے شادی کرنے کی ضد پر نوجوان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے شہر غازی پور سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ ابھینو چنئی میں ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ وہ سوشل میڈیا پر انفلوئنسر نیہا بشٹ کی ویڈیوز دیکھتا تھا اور یک طرفہ محبت میں مبتلا ہوگیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق نوجوان کو معلوم ہوا کہ انفلوئنسر کی دسمبر میں شادی ہونے والی ہے تو وہ 7 نومبر کو چنئی سے نئی دہلی پہنچ گیا اور مشرقی دہلی کے علاقے مدھو وہار میں واقع اس کے گھر میں داخل ہوکر اس سے شادی کرنے پر اصرار کرنے لگا۔

اس دوران انفلوئنسر کے اہل خانہ اور پڑوسیوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 14 نومبر کو دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے واقعے کے بعد انفلوئنسر کے 64 سالہ والد وریندر بشٹ اور 34 سالہ پڑوسی پنکج کو گرفتار کرلیا۔ دونوں عدالتی حراست میں ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں انفلوئنسر کے بھائی اور دیگر پڑوسیوں کے کردار کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق انفلوئنسر نے پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ نوجوان اس سے پہلے بھی اس کے گھر آچکا تھا اور اسے شادی سے روکنے کی دھمکیاں دیتا رہا تھا۔