واشنگٹن (رائٹرز، دی گارڈین) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوہری جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا اور ایسی جنگ کبھی نہیں ہونی چاہیے۔
چین کے صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان چین کے شہر شینزن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کی توثیق کی کہ جوہری جنگ نہ جیتی جاسکتی ہے اور نہ ہی لڑی جانی چاہیے۔
مشترکہ اعلامیے میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے، جوہری خطرات کم کرنے اور اس حوالے سے مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا، روس اور چین کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود کرنے کا معاہدہ کرنا انتہائی مشکل ہوگا، تاہم وہ اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھیں گے۔
ٹرمپ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ بھی جوہری ہتھیاروں کو محدود کرنے کے تصور سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم ہزاروں جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کے لیے ان میں نمایاں کمی کرنا آسان نہیں ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس معاملے کو آگے بڑھاتے رہیں گے کیونکہ ایسا ہونا چاہیے، اگرچہ اس پر اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل ہے۔

