روس کا یوکرین پر بڑا فضائی حملہ، 400 سے زائد ڈرون اور 110 سے زیادہ میزائل داغ دیے، 8 افراد ہلاک

کیف (رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس، الجزیرہ) روس نے یوکرین کے مختلف شہروں پر ڈرون اور میزائلوں سے بڑا فضائی حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی افواج نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب یوکرین پر 400 سے زائد ڈرون اور 110 سے زیادہ میزائل داغے۔ حملوں میں دارالحکومت کیف سمیت متعدد شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی حکام کے مطابق کیف میں 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مغربی شہر لویو میں ریلوے اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں 2 افراد جان سے گئے۔ حملوں میں رہائشی عمارتوں، طبی مراکز، توانائی کے مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیف میں دریائے دنیپرو پر قائم 3 پلوں کو بھی نقصان پہنچا، جس سے شہر کے مشرقی اور مغربی حصوں کے درمیان آمدورفت متاثر ہوئی۔ کئی علاقوں میں بجلی، پانی اور حرارت کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

یوکرین کی فضائیہ کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 380 ڈرون اور 82 میزائل تباہ یا ناکارہ بنائے، تاہم متعدد مقامات پر میزائل اور ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ حملے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین کے حملوں کے جواب میں سخت کارروائی کی دھمکی کے بعد کیے گئے۔ یوکرین نے اس ہفتے روس اور جزیرہ نما کریمیا کو ملانے والے کرچ پل کو نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب پولینڈ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ روسی حملوں کے دوران 3 فضائی اشیا نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جن میں 2 میزائل اور ایک ڈرون ہونے کا شبہ ہے۔