سعودی عرب نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان اور قطر کی کوششوں کی حمایت کردی

نیویارک (سعودی خبر رساں ادارہ، عرب نیوز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور قطر کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے منشور پر عمل درآمد اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک ایرانی حملوں کا نشانہ بنے ہیں، خلیجی خطے کا امن توانائی اور عالمی رسد کے تسلسل کی سلامتی سے منسلک ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے آبی گزرگاہوں کو دباؤ یا بلیک میلنگ کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کو مسترد کرتے ہوئے بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ سمندری راستوں کی حفاظت دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی عوام کو بے گھر اور جلاوطن کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی مسلسل مشکلات اور انسانی امداد میں رکاوٹیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے بالادستی اور اثر و رسوخ مسلط کرنے کی پالیسیوں کو بھی مسترد کیا اور یمن میں استحکام اور شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے ملکی اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے عراقی حکومت کی جانب سے ہتھیاروں کو سرکاری تحویل میں لینے کی کوششوں کو سراہا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب نے علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سمندری جہاز رانی پر کسی بھی قسم کے ٹیکس عائد کرنے کو مسترد کرتا ہے۔