سعودی عرب نے یمن میں متعدد فضائی حملے کیے: یمنی ٹی وی کا دعویٰ

صنعا (یمنی ٹی وی) سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے صوبوں مارب، الجوف اور تعز میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔یمنی ٹی وی کے مطابق الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 جبکہ تعز میں 5 فضائی حملے کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں بھی سعودی فورسز نے بمباری کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے تاحال ان حملوں کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے ہیں۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق سعودی شہر خمیس مشیط میں بھی شہریوں کو خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے گئے۔

اس سے قبل گزشتہ روز سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوگئے تھے۔بعد ازاں سعودی اتحادی فورس نے حوثیوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حوثیوں نے سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے اور ان حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔