اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے قیام کا حامی جبکہ دوسرا مخالف ہے، صدر کو چاہیے کہ وہ دونوں کو بٹھا کر سمجھائیں کہ اس معاملے پر بحث کو خراب کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں جبکہ محسن نقوی اس کے حامی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری دونوں کو سمجھائیں کہ کسی کو نئے صوبوں کے حق میں بات کرنے کا حق ہے تو کسی کو مخالفت کا بھی حق حاصل ہے، تاہم بحث صحت مند انداز میں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرنے والوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کی آزادی ہونی چاہیے اور مخالفت کرنے والوں کو بھی اپنی رائے دینے کا حق ہے۔ اس بحث کو خراب کرنے سے ملک اور سیاسی ماحول کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے سوال اٹھایا کہ صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان اس معاملے پر بات کیوں نہیں ہوئی، حالانکہ محسن نقوی اکثر ایوان صدر میں موجود ہوتے ہیں اور صدر سے ان کی ملاقاتیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ بنانے میں بھی صدر آصف زرداری کا اہم کردار رہا ہے۔
واضح رہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حکومتی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زبردستی ایسا فیصلہ مسلط کرنے سے حالات خراب ہوسکتے ہیں، جبکہ وفاقی وزرا چھوٹے صوبوں کے قیام کو انتظامی ضرورت قرار دے رہے ہیں۔

