صدر ڈونلڈ ٹرمپ دور میں ڈھائی لاکھ سے زائد امریکی ویزے منسوخ

واشنگٹن (امریکی محکمہ خارجہ) امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد امریکی ویزے منسوخ کیے جاچکے ہیں۔

محکمہ خارجہ کے مطابق ویزوں کی منسوخی مختلف وجوہات کی بنیاد پر کی گئی، جن میں ویزا شرائط کی خلاف ورزی، جرائم میں ملوث ہونا، امریکی شہریوں یا امریکا کے خلاف تشدد پر اکسانا، دھوکا دہی، امیگریشن نظام کا غلط استعمال اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا شامل ہیں۔

محکمہ خارجہ نے اگست میں بتایا تھا کہ اس وقت تک 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد ویزے منسوخ کیے جاچکے تھے، جن میں بڑی تعداد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق معاملات کے بعد منسوخ ہوئی تھی۔ ان میں حملہ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ، چوری، منشیات، جنسی حملوں، بچوں سے زیادتی، فراڈ اور دیگر جرائم کے مقدمات شامل تھے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ویزوں کی منسوخی میں تیزی آئی ہے اور امریکی حکام نے ویزا جاری کرنے کے عمل میں جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کی مسلسل جانچ کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ ویزا شرائط کی پابندی کریں اور امریکی عوام کے لیے خطرہ نہ بنیں۔