نابلس (وفا، الجزیرہ) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں سیکڑوں اسرائیلی آبادکار اسرائیلی فوج کی سخت سیکیورٹی میں حضرت یوسفؑ سے منسوب مزار میں داخل ہوگئے اور وہاں تلمودی مذہبی رسومات ادا کیں۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے نابلس کے مشرقی علاقے میں داخل ہوکر مزار کے اطراف موجود فلسطینی خاندانوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا، جبکہ بعض مکانات کو فوجی چوکیوں میں تبدیل کرکے ان کی چھتوں پر اسرائیلی سنائپر تعینات کردیے گئے۔
الجزیرہ کے مطابق 36 سے زائد بسوں کے ذریعے سیکڑوں اسرائیلی آبادکار مزار تک پہنچے، جبکہ اسرائیلی فوج نے 30 سے زائد فوجی گاڑیوں کے ذریعے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فلسطینیوں کی آمدورفت محدود کردی گئی اور علاقے کی جانب جانے والی سڑکوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔
وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس سے قبل نابلس کے مشرقی علاقے میں مرکزی سبزی منڈی پر بھی کارروائی کی اور وہاں موجود فلسطینی شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کی۔
حضرت یوسفؑ سے منسوب مزار نابلس کے مشرقی حصے میں واقع ہے اور اسرائیلی آبادکار یہاں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے فوجی سیکیورٹی میں داخل ہوتے رہے ہیں۔ اسرائیلی روایت میں اسے حضرت یوسفؑ کی قبر قرار دیا جاتا ہے جبکہ فلسطینی مؤقف کے مطابق یہ مقام مسلمان بزرگ یوسف دُویکات کے مزار سے منسوب ہے۔

