کراچی میں باپ نے 5 سالہ بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی

کراچی (نامہ نگار) کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب شاہ رسول کالونی میں گھریلو تنازع پر باپ نے فائرنگ کرکے اپنے 5 سالہ بیٹے کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ تنویر اور اس کے 5 سالہ بیٹے حسنین کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھر کے اخراجات اور مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد تنویر نے بیٹے کو کمرے میں لے جاکر فائرنگ کردی اور پھر خود کو بھی گولی مارلی۔

ایس ایس پی جنوبی کے مطابق واقعے کے وقت ملزم کی اہلیہ اور کمسن بیٹی بھی گھر میں موجود تھیں، تاہم دونوں محفوظ رہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور دو خول برآمد کیے ہیں۔پولیس نے لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔