کینیڈا، فرانس، اسپین، ناروے سمیت 12 ممالک کی اسرائیلی اشیاء کی درآمد پر پابندی کی حمایت

لندن، اوٹاوا (ایجنسیاں) برطانیہ کے بعد کینیڈا، فرانس، اسپین اور ناروے سمیت 12 ممالک نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیاء کی درآمد پر پابندی کی حمایت کردی۔

برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ یہ سوچ کر کب تک عملی اقدامات سے گریز کیا جاتا کہ کہیں اسرائیل مخالف ہونے کا الزام نہ لگ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عملی اقدامات کے بغیر 2 ریاستی حل کی بات بے معنی ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں سے درآمد ہونے والی اشیاء پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی وزیرِ خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث افراد اور اداروں پر مزید پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانیہ کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے اور عالمی نظامِ انصاف کی حمایت سمیت مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی اقدامات کے ردعمل میں اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں برطانوی قونصل خانے کو بند کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ برطانیہ اب غزہ کے لیے امریکا کی قیادت میں قائم رابطہ مشن میں بھی شریک نہیں ہوگا۔