آئی سی سی نے 2035ء تک بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی

دبئی (آئی سی سی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2035ء تک بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں کرکٹ ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے انعقاد کے اوقات اور میزبان ممالک طے کیے گئے۔

آئی سی سی کے منظور کردہ شیڈول کے مطابق 2028ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ 2029ء میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل انگلینڈ میں 8 سے 12 جون تک ہوگا۔ اسی سال بھارت 9 سے 28 اکتوبر تک چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

2030ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 4 جولائی سے 4 اگست تک منعقد ہوگا۔ 2031ء میں انگلینڈ 12 سے 16 جون تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا، جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک کرکٹ ورلڈ کپ منعقد کریں گے۔

شیڈول کے مطابق 2032ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 14 اکتوبر سے 14 نومبر، 2033ء کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون اور چیمپئنز ٹرافی 2 سے 23 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ ان ٹورنامنٹس کے میزبان ممالک کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

2034ء کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 6 جولائی سے 6 اگست تک ہوگا، جبکہ 2035ء میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 7 سے 11 جون اور کرکٹ ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 18 نومبر تک منعقد ہوگا۔ ان دونوں ایونٹس کے میزبان بھی تاحال طے نہیں کیے گئے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ بڑے عالمی ٹورنامنٹس کے شیڈول کی پیشگی منظوری سے کھلاڑیوں اور رکن کرکٹ بورڈز کو طویل المدتی منصوبہ بندی، کھلاڑیوں کی تربیت اور اعلیٰ کارکردگی کے پروگرام ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔

آئی سی سی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عالمی کرکٹ کے مقابلوں کو منظم کرنا اور رکن ممالک کو مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے زیادہ وقت فراہم کرنا ہے۔