واشنگٹن (ناسا) امریکی خلائی ادارے ناسا نے دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل 17 نومبر کو غروب آفتاب کے بعد آسمان کی جانب روشنیاں کرکے انسانی تاریخ کے ایک اہم خلائی سنگ میل کا جشن منائیں۔
ناسا کے مطابق اس روز وائجر اول زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچنے والا ہے۔ یہ انسانی ساختہ کسی بھی شے کا زمین سے اتنا فاصلہ طے کرنے کا پہلا واقعہ ہوگا۔ وائجر اول تقریباً 50 سال سے خلا کی گہرائیوں میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
ناسا نے اس موقع پر ’’وائجر کے نوری دن کے لیے روشنیاں جلائیں‘‘ کے عنوان سے عالمی مہم شروع کی ہے، جس کے تحت لوگوں کو فلیش لائٹ یا موبائل فون کی روشنی آسمان کی طرف کرکے وائجر کا مخصوص اشارہ وی، جی، آر مورس کوڈ میں بھیجنے کی دعوت دی گئی ہے۔
ادارے نے اس مقصد کے لیے خودکار روشنی کا نظام بھی متعارف کرایا ہے، جسے موبائل فون یا ٹیبلٹ کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ شرکا اپنی روشنیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سماجی رابطوں کے ذرائع پر ناسا کو ٹیگ کرتے ہوئے شیئر بھی کر سکتے ہیں۔
ناسا کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر ایک چھوٹا سا عمل ہے، لیکن اس کے ذریعے دنیا بھر کے لوگ انسانی جستجو اور خلائی تحقیق کی تاریخ کے ایک غیر معمولی لمحے میں مشترکہ طور پر شریک ہو سکیں گے۔ وائجر اول کا یہ سنگ میل انسانیت کی اب تک کی سب سے دور رس خلائی کامیابیوں میں ایک اہم اضافہ ہوگا۔

