ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کی لبرل پارٹی آئندہ ہفتے نئے قائد کے انتخاب کیلئےتیار ہے، جہاں پارٹی کے 55 ہزار سے زائد ارکان چار امیدواروں میں سے اس رہنما کا انتخاب کرینگے جو آئندہ صوبائی انتخابات میں ڈگ فورڈ کی پروگریسو کنزرویٹو حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
اونٹاریو لبرل پارٹی گزشتہ 8 برس سے اقتدار سے باہر ہے، جبکہ گزشتہ دو قائدین اسٹیون ڈیل ڈوکا اور بونی کرومبی انتخابی ناکامی کے بعد اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ دونوں اپنے اپنے حلقوں سے بھی صوبائی اسمبلی کی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ پارٹی کے اندر اس صورتحال کو قیادت کی تھکاوٹ اور بار بار قیادت کی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
قیادت کیلئے چار امیدوار میدان میں اترے ہیں جن میں سابق وفاقی وزیر صنعت نودیپ بینز، صوبائی اسمبلی کی رکن اسٹیفنی بومن، صوبائی اسمبلی کی رکن لی فیئرکلف اور سابق پالیسی مشیر ڈیلن مارانڈو شامل ہیں۔ ان میں اسٹیفنی بومن ڈان ویلی ویسٹ اور لی فیئرکلف ایٹوبیکوک لیک شور کی نمائندگی کرتی ہیں، جبکہ نودیپ بینز پانچ مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہو چکے ہیں اور مسی ساگا و برامپٹن سے انتخاب لڑتے رہے ہیں۔
پارٹی ارکان کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ نیا قائد ڈگ فورڈ حکومت کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی کی نشست رکھتا ہو یا نہیں۔ چار امیدواروں میں سے صرف اسٹیفنی بومن اور لی فیئرکلف کو اسمبلی میں نمائندگی حاصل ہے، جبکہ نودیپ بینز اور ڈیلن مارانڈو اس وقت صوبائی اسمبلی کے ارکان نہیں ہیں۔
پارٹی ارکان کا کہنا ہے کہ نئے قائد کے لیے انتخاب جیتنے کی صلاحیت، مضبوط معاشی پالیسی، عوامی مقبولیت اور صوبائی اسمبلی میں حکومت کو جواب دہ بنانے کی اہلیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بعض ارکان کے مطابق اسمبلی میں نشست رکھنے والا قائد ایوان میں ڈگ فورڈ کا براہ راست مقابلہ کر سکتا ہے، جس سے اسے سیاسی تجربہ، میڈیا میں نمائندگی اور عوامی سطح پر اعتماد حاصل ہوگا۔
قیادت کی دوڑ میں نودیپ بینز اور لی فیئرکلف کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم انتخابی پیش گوئی کرنے والی ویب سائٹ پولی مارکیٹ کے مطابق جمعے کی سہ پہر لی فیئرکلف کی کامیابی کے امکانات 72 فیصد جبکہ نودیپ بینز کے امکانات 27 فیصد بتائے گئے تھے۔ یہ اندازے وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہے ہیں۔
انتخابی اخراجات اور چندہ جمع کرنے کے معاملے میں نودیپ بینز سب سے آگے ہیں، جنہوں نے 8 لاکھ 8 ہزار 456 ڈالر جمع کیے۔ لی فیئرکلف نے 5 لاکھ 64 ہزار 306 ڈالر جبکہ اسٹیفنی بومن نے 5 لاکھ 7 ہزار 229 ڈالر جمع کیے۔ ڈیلن مارانڈو 1 لاکھ 90 ہزار 869 ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ ہر امیدوار نے انتخابی دوڑ میں حصہ لینے کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر فیس ادا کی، جبکہ انتخابی اخراجات کی زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ ڈالر مقرر ہے۔
نودیپ بینز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی سیاست کا بنیادی مقصد مواقع کی فراہمی ہے، خصوصاً ان مواقع کی جن سے ان کے والدین نے بھارت سے کینیڈا آنے کے بعد فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو موجودہ سمت تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ارکان کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ قیادت کے انتخاب کا نتیجہ کچھ بھی ہو، وہ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور انتخابات میں حصہ لیں گے۔
لی فیئرکلف، جو سابق اسپتال چیف ایگزیکٹو رہ چکی ہیں، نے کہا کہ وہ ہر روز صوبائی اسمبلی میں ڈگ فورڈ حکومت کا احتساب کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے طبی شعبے کے تجربے اور کینیڈا کی قومی رگبی ٹیم کی سابق کھلاڑی ہونے کا حوالہ بھی دیا۔
اسٹیفنی بومن نے خود کو معاشی معاملات کی سمجھ رکھنے والی امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے پریشان نہیں ہوں گی کہ انہیں کس انتخابی حلقے سے الیکشن لڑنا ہے۔ دوسری جانب ڈیلن مارانڈو نے کہا کہ قیادت کے عہدے تک پہنچنے کے لیے ضروری نہیں کہ امیدوار پہلے منتخب نمائندہ رہ چکا ہو۔ ان کے مطابق پارٹی کو روایتی سیاست سے آگے بڑھنے اور نئے انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق قیادت کی یہ دوڑ عوامی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور امیدواروں کے درمیان پالیسی اختلافات اور سخت مقابلے کی کمی نے انتخابی مہم کو نسبتاً غیر دلچسپ بنا دیا ہے۔ سابق صوبائی کنزرویٹو قائد ٹم ہڈک نے بھی مقابلے میں جوش و خروش کی کمی کی نشاندہی کی۔
پارٹی کو نئے قائد سے صرف انتخابی کامیابی کی توقع نہیں بلکہ تنظیمی ڈھانچے کی بحالی، ووٹروں کی شناخت کے نظام کو جدید بنانے، انتخابی حلقوں کی تنظیموں کو دوبارہ فعال کرنے اور مضبوط امیدوار سامنے لانے کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔
اونٹاریو لبرل پارٹی نے 2018ء میں ڈگ فورڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد تقریباً 15 سالہ حکمرانی ختم ہونے پر اقتدار کھو دیا تھا۔ اس کے بعد نیو ڈیموکریٹک پارٹی کو صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف کی سرکاری جماعت کا درجہ حاصل رہا۔ پارٹی کو امید ہے کہ ڈگ فورڈ کی مسلسل تیسری اکثریتی حکومت سے عوام کی مایوسی اسے دوبارہ اقتدار میں واپسی کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
ماضی میں ڈیلٹن مک گنٹی نے بھی حزب اختلاف میں رہتے ہوئے لبرل پارٹی کی تنظیم نو کی تھی۔ وہ 1996ء میں قائد منتخب ہوئے اور دو انتخابات کے بعد 7 سال کی جدوجہد کے نتیجے میں صوبے کے وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ اب نئے قائد کو بھی اسی نوعیت کے طویل سیاسی اور تنظیمی امتحان کا سامنا ہوگا۔

