ممتاز صحافی حامد میر دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں شامل کرلئے گئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینئر صحافی، کالم نگار اور ٹی وی میزبان حامد میر کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سال 2027ء کی اشاعت ’’دی مسلم 500‘‘ میں حامد میر کا نام میڈیا کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست دنیا بھر سے مختلف شعبوں میں اثر و رسوخ رکھنے والی مسلم شخصیات کی خدمات اور کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

حامد میر نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز 1987ء میں روزنامہ جنگ سے کیا تھا،اس کے علاوہ وہ روزنامہ پاکستان لاہور اورروزنامہ اوصاف اسلام آبادکےمیگزین ایڈیٹربھی رہے ہیں جبکہ وہ 2002ء سےنجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں جہاں وہ حالاتِ حاضرہ کے ایک پروگرام کی میزبانی کرتے ہیں اور اپنی رپورٹنگ، کالم نگاری اور سیاسی انٹرویوز کے باعث ملکی و بین الاقوامی سطح پر پہچانے جاتے ہیں۔

حامد میر دنیا کے ان چند صحافیوں میں بھی شامل ہیں جنہوں نے 11 ستمبر کے حملوں کے بعد اسامہ بن لادن کا انٹرویو کیا تھا۔ اپنے صحافتی کیریئر کے دوران انہیں پیشہ ورانہ مشکلات، ٹی وی نشریات پر پابندیوں اور دو مرتبہ قاتلانہ حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز اور سارک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔’’دی مسلم 500‘‘ کی 2027ء کی فہرست میں پاکستان سے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، مفتی محمد تقی عثمانی اور دیگر شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔