لاہور (خبر ایجنسیاں) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی رہائش گاہ آمد پر صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری کو اپنے حالیہ دورۂ ترکیہ اور 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، سیاسی مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ملک میں معاشی استحکام کے فروغ اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے۔

