کوئٹہ (آئی ایس پی آر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے ڈرون حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 13 نومبر سے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے تھے۔ ان کارروائیوں کے دوران علاقے میں سیکیورٹی بڑھانے اور کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر آمدورفت محفوظ بنانے کے لیے گشت بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور مقامی آبادی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

