بنگلورو میں ایک ہی شخص نے بیوی سمیت 7 سسرالی رشتہ دار قتل کر دیے

بنگلورو (خبر ایجنسیاں) بھارتی شہر بنگلورو میں 52 سالہ ٹیکسی ڈرائیور نے مبینہ طور پر 16 سے 20 روز کے دوران اپنی بیوی سمیت اس کے خاندان کے 7 افراد کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم اندوشیکھر عرف شیکھر کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزم نے وارداتوں کا آغاز اپنی بیوی سونیتھا کو قتل کرکے کیا، جس کے بعد اس نے سسرالی خاندان کے دیگر افراد کو بھی نشانہ بنایا۔ مقتولین میں اس کی ساس، دو سالے، ان کی بیویاں اور ایک 7 سالہ بچہ شامل تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مختلف مواقع پر اہل خانہ کو اپنے گھر بلایا اور انہیں قتل کرنے کے بعد لاشیں مختلف مقامات پر پھینک دیں۔ وارداتوں کو چھپانے کے لیے وہ مقتولین کے موبائل فون استعمال کرتا اور ان کے اہل خانہ کو پیغامات بھیجتا رہا، تاکہ یہ تاثر قائم رہے کہ وہ زندہ ہیں اور کہیں گئے ہوئے ہیں۔

تفتیش کاروں کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی اور اس کے خاندان کے ساتھ اختلافات اور گھریلو تنازعات کے باعث یہ وارداتیں کیں۔ پولیس جائیداد کے تنازع سمیت قتل کے دیگر ممکنہ محرکات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

تحقیقات کے دوران ملزم کی 17 سالہ بیٹی کے مبینہ کردار کا بھی پتا چلا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے وارداتوں کے بعد خون کے نشانات صاف کرنے اور دیگر امور میں اپنے والد کی مدد کی۔ حکام اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل 2018ء میں ڈکیتی اور زنجیر چھیننے کے ایک مقدمے میں بھی گرفتار ہوچکا ہے۔ ساتوں افراد کی لاشیں مختلف مقامات سے برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔