منیلا (رائٹرز) کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ طویل اور اہم مذاکرات کے بعد دونوں ممالک تجارتی معاہدے کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں، تاہم ابھی کسی حتمی سمجھوتے پر اتفاق نہیں ہوا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارک کارنی نے بتایا کہ امریکی صدر کے ساتھ ان کی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور معاہدے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مارک کارنی فلپائن کے سرکاری دورے اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کے لیے منیلا میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے پیش رفت بھی ہوئی ہے، تاہم معاہدہ ابھی طے نہیں پایا۔
کینیڈین وزیرِاعظم نے اس موقع پر نیٹو سے متعلق اپنے ملک کے مؤقف کو بھی واضح کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا نیٹو سے علیحدگی اختیار نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد یورپ کے لیے سلامتی کا نظام آزاد یورپ اور نیٹو طے کریں گے، روس نہیں۔
مارک کارنی نے واضح کیا کہ یورپ کی سلامتی اور دفاعی معاملات کا فیصلہ یورپی ممالک اور نیٹو کا اختیار ہے، اس میں روس کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔

