بنوں میں کنگر پل چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 ہلاک

بنوں (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ پولیس نے ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی اور سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے کنگر پل پولیس چوکی پر اچانک حملہ کیا، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریپڈ رسپانس فورس اور پولیس لائنز سے اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران 4 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں، متعدد میگزین، دستی بم، بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ ہلاک افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے حملہ ناکام بنانے پر بنوں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں حملہ پسپا کرنا اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، مستعدی اور بہادری کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانا قابلِ تحسین ہے۔