دو غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی و اغوا کیس، ملزم ساجد علی کی ضمانت منظور

لاہور (خبر ایجنسیاں) سیشن کورٹ لاہور نے دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم ساجد علی کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گوندل نے ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزم ساجد علی کا نام مقدمے کی ابتدائی رپورٹ میں شامل نہیں تھا اور اس پر بنیادی الزام جائے وقوع سے شواہد غائب کرنے کا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم پہلے ہی جیل میں ہے اور مزید تفتیش کے لیے اس کی پولیس حراست درکار نہیں۔

ملزم کے وکیل سلمان شاہد نے موقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل پر خواتین کے اغوا یا زیادتی کا کوئی الزام نہیں اور نہ ہی ان کی شناخت پریڈ کرائی گئی۔ وکیل کے مطابق ملزم جائے وقوع پر صفائی کے عملے سے وابستہ تھا اور اس کے خلاف شواہد ناکافی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ جولائی 2026ء میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو غیر ملکی خواتین، جن کا تعلق نیدرلینڈز اور وینزویلا سے بتایا گیا، کے مبینہ اغوا اور جنسی تشدد کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے خواتین کو بازیاب کرا کے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ دنوں سیشن کورٹ نے مرکزی ملزم رضا ڈار سمیت 8 ملزمان پر فردِ جرم عائد کی تھی۔ تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا جبکہ عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔