اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کینسر کے باعث لندن میں انتقال کر گئیں

لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستانی اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ اداکارہ میرا نے بہن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

میرا نے نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہن کی طبیعت بگڑنے پر انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر برطانیہ کا ویزا حاصل کرنے کے لیے متعدد بار درخواستیں دیں، تاہم برطانوی ہائی کمیشن نے انہیں ویزا جاری نہیں کیا، جس کے باعث وہ اپنی شدید علیل بہن سے آخری ملاقات بھی نہ کرسکیں۔

شائستہ عباس کی ایک اور بہن اقصیٰ عباس نے بتایا کہ مرحومہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ اس سے قبل بھی تقریباً ایک سال تک طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں بار بار اسپتال میں داخل کیا جاتا رہا اور صحت بہتر ہونے پر گھر بھیج دیا جاتا تھا۔

مرحومہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھیں اور اداکاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہی تھیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے ڈرامے ’’سیپ‘‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔ وہ ایک کمسن بیٹی کی والدہ تھیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق شائستہ عباس کی تدفین لندن میں کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ میرا اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔