ڈاکار (رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس) مغربی افریقی ملک سینیگال کے شمال مغربی ساحل کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانیوالی لکڑی کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 39 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کشتی سینیگال کے شمالی شہر سینٹ لوئس سے اسپین کے ساحل کی جانب روانہ ہوئی تھی اور دارالحکومت ڈاکار سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے کیبیمیر کے قریب سمندر میں الٹ گئی۔ سینیگال کی وزارتِ داخلہ نے ابتدائی طور پر 21 ہلاکتوں اور ایک شخص کو زندہ بچائے جانے کی اطلاع دی تھی، تاہم مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی۔
حکام کے مطابق کشتی میں سوار افراد کی اصل تعداد معلوم نہیں ہوسکی، اس لیے لاپتا افراد کی حتمی تعداد بھی سامنے نہیں آئی۔ امدادی ٹیمیں سمندر میں تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سینیگال کے صدر باسرو دیومائے فائے نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے غیر محفوظ سمندری راستوں کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوششوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق مغربی افریقہ سے اسپین کے جزائرِ قناری تک بحرِ اوقیانوس کا راستہ تارکینِ وطن کے لیے دنیا کے خطرناک ترین سمندری راستوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہسپانوی انسانی حقوق کی تنظیم واکنگ بارڈرز کے اعداد و شمار کے مطابق 2026ء کے ابتدائی پانچ ماہ میں اس راستے پر 635 افراد ہلاک ہوئے۔
ادھر سینیگال کے حکام نے جمعے کے روز اسپین جانے کی کوشش کرنے والی ایک اور کشتی کو بھی روکنے کی اطلاع دی، جس میں 142 تارکینِ وطن سوار تھے۔

