میکسیکو میں اغوا ہونے والے میئر میگوئل اینجل الماراز مالدونادو بحفاظت بازیاب

میکسیکو سٹی (ایسوسی ایٹڈ پریس) میکسیکو کی سرحدی شہر ریو براوو کے میئر میگوئل اینجل الماراز مالدونادو کو اغوا کیے جانے کے کئی گھنٹوں بعد بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ وہ ہفتے کے روز اہلِ خانہ اور دیگر افراد کے ہمراہ سفر کررہے تھے کہ مسلح افراد نے ان کی گاڑی روک کر انہیں اغوا کرلیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ میکسیکو کی ریاست زاکاتیکاس اور سان لوئس پوٹوسی کی سرحدی حدود کے قریب پیش آیا۔ مسلح افراد میئر کو اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ان کے اہلِ خانہ کو چھوڑ دیا گیا۔ اہلِ خانہ نے قریبی قصبے پہنچ کر حکام کو واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد چار ریاستوں کے حکام اور وفاقی سکیورٹی اداروں نے مشترکہ تلاش کا آپریشن شروع کیا۔

میکسیکو کے وفاقی حکام کے مطابق میئر کو بعدازاں زاکاتیکاس شہر میں چھوڑ دیا گیا۔ دوسری جانب مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ الماراز نے اپنے اغوا کاروں کی غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق وہ ایک چراگاہ میں قید تھے، جہاں سے ایک ساتھی کے ہمراہ باڑ پھلانگ کر نکلے اور تقریباً ایک گھنٹے تک مسلسل دوڑتے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے رات بھر سفر کیا اور تقریباً 80 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

حکام کے مطابق میئر کو ریاست کوآہویلا میں پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر بحفاظت پایا گیا، جہاں انہیں طبی معائنہ اور ضروری سہولتیں فراہم کی گئیں۔ بعدازاں انہیں سرکاری تحفظ میں ان کے آبائی شہر ریو براوو منتقل کردیا گیا۔

میئر نے مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسمانی طور پر خیریت سے ہیں اور انہیں کوئی زخم نہیں آیا، تاہم اغوا کا تجربہ انتہائی خوف ناک تھا۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم اغوا میں ملوث افراد اور اس کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔ واقعے کے علاقے میں منشیات کے متعدد مسلح گروہ سرگرم ہیں۔