اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ ہلاکت، پولیس افسر کی اہلیہ اور قاری گرفتار

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ایک سینئر پولیس افسر کی سرکاری رہائش گاہ سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی لاش برآمد ہوئی، جس کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔ واقعے کے مقدمے میں پولیس افسر کی اہلیہ اور گھر میں بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بچی کے والد اصغر علی کی مدعیت میں تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بچی کے والد کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

مدعی کے مطابق ان کی بیٹی فاطمہ مدرسے میں حفظ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ اس کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی موت ہوگئی۔ والد نے لاش کا معائنہ کرنے پر جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے اور واقعے کی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد پولیس افسر کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ افسر کے گھر بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس افسر محمد بن اشرف نے مؤقف اختیار کیا کہ بچی کافی عرصے سے ان کے گھر رہ رہی تھی اور واقعے کے بعد انہوں نے خود پولیس سے رابطہ کرکے قانونی کارروائی کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے وقت ملک سے باہر تھے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بچوں کو پڑھانے کے لیے آنے والا قاری بھی بچی کو مارتا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔