اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش ہونے تک اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم بہترین حل ہے، صوبوں کا قیام عوام کی مرضی اور آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نئے صوبوں کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کریں گی، دونوں کمیٹیوں کی سفارشات بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھجوائی جائیں گی اور حتمی فیصلہ وہ خود کریں گے۔
عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی ماضی میں بھی چھوٹے صوبوں کے قیام کی حمایت کر چکے ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام 2018ء کے انتخابی منشور کا حصہ تھا اور تحریک انصاف کی حکومت نے اس حوالے سے کام بھی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی صفوں میں اس معاملے پر اختلافات موجود ہیں، حکومتی وزرا کو بھی ابھی معلوم نہیں کہ آگے کیا ہونے جا رہا ہے۔ اپوزیشن اس معاملے پر اپنا حتمی مؤقف حکومت کی جانب سے اتفاق رائے سامنے آنے کے بعد طے کرے گی۔
عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں، تحریک انصاف کی قیادت اور مشترکہ اپوزیشن کو مدعو کیا جائے گا۔

