’’سیاسی تجربہ گاہ‘‘ کی نئی دریافت

ایک مستقل ’ سیاسی تجربہ گاہ‘ سے ہر چند سال بعد نئی دریافت متعارف کرائی جاتی ہے کبھی شخصیت کی شکل میں تو کبھی جماعت کی شکل میں اور اب ایک نئے نظام کی باتیں زور پکڑ رہی ہیں جسکی ’مارکیٹنگ‘ کی ذمہ داری اسی تجربہ گاہ سے نکلے ہوئے بعض سیاست دانوں اور صحافیوں کو دی گئی ہے۔ آج کل انکی ذمہ داری ہے کہ وہ نئے صوبوں کی افادیت پر بات کریں اور لاپتہ 28ویں آئینی ترمیم کی ،جسکے بعد خود آئین کی کیا شکل ہوگی کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔ تاہم ماضی کی طرح اس بار بھی اس کو ’جمہوریت کا ٹیکا ‘ لگادیا گیا ہے کئی لحاظ سے آپ اسکو جمہوریت کے آخری ایام بھی کہہ سکتےہیں۔ وہ جمہوریت جو کبھی اس ملک میں لانے ہی نہیں دی گئی مگر اسکو لبادہ ضرور پہنایا گیا ۔

’قوت ِ اخوتِ عوام‘‘ تو ہمارا اثاثہ ہے جو ہم اپنے قومی ترانے میں بھی سنتے آرہےہیں مگر مجال ہے آج تک عوام کو یہ قوت سمجھا گیا ہو، کیا ہی اچھا ہوتا کہ اس فیکٹری میں تیار ہونیوالے مجوزہ نظام کو پارلیمنٹ کے ذریعے ہی متعارف کروا دیا جاتا مگر اس میں بھی تو اسی تجربہ گاہ کے متعارف کرائے ہوئے افراد بیٹھے ہیں اب اگر وزیروں اورمشیروں کو ہی نہ پتہ ہو کیا نئی دریافت متعارف ہونیوالی ہے اُن سے تو ہمارے وہ میڈیا کے افراد ہی کافی ہیں جو کبھی تجزیہ کار کےطو رپر اور کبھی اینکر اور کالم نویس کے طور پر نئے آنیوالے نظام کی خوب ’مارکیٹنگ‘ میں مصروفِ عمل ہیں ۔ا ب مجھے نہیں پتا کہ ہم کس صدارتی نظام کی طرف بڑھ رہےہیں یا معاملہ بے اختیار پارلیمنٹ کے ذریعے ہی چلایا جائیگا۔

اگر بات صدارتی نظام، جسکی خواہش بہت پُرانی ہے دو بارہ متعارف کرانےکی طرف جاتی ہے تو موجودہ وزیر اعظم بہادر شاہ ظفر بھی ثابت ہوسکتےہیں۔ کسی بھی پارلیمنٹ کی اس سے زیادہ سبکی اور کیا ہوسکتی ہےکہ اپنے آپ کو عوام کے منتخب نمائندے کہنے والوں میں یہ ہمت نہیں ہورہی ہےکہ وہ نئے صوبوں کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرسکیں اور اس کیلئے ریفرنڈم کی باتیں شروع کردیں۔ خیر ابھی فیکٹری میں تیاری جاری ہے اندرون خانہ تجربات کے ٹیسٹ ہورہے ہیں کہ بلدیاتی نظام کو بااختیار کیا جائے۔ نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں یا زیادہ صوبے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ نئی دریافت کو مارکیٹ میں آنے میں ابھی سال دو سال لگ سکتے ہیں ۔ یعنی ملک میں سیاسی بے یقینی اور بے چینی برقرار رکھی جائیگی۔چلیں ابتدا کرتے ہیں نئے صوبوں کے منصوبےسے۔ میڈیا میں انتہائی غیر مبہم انداز میں یہ بات کی جارہی ہے کہ ’فیصلہ‘ تو ہوچکا ہے یعنی فیکٹری میں مال تیار ہے بس ذرا غور ہے کہ موسمِ سرما میں لایا جائے یا گرمی میں نئے سال میں ٹرائل کروایا جائے یا بات 2027ءتک ٹال دی جائے۔

اس سارے معاملے کو ذرا بہتر انداز میں بھی کیا جاسکتا تھا مثلاً اِس بحث کا آغاز اسمبلی سے کیا جاتا۔ 18ویں آئینی ترمیم کی طرح ایک ڈرافٹ اسمبلی میں پیش کیا جاتا اور پوری پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو یہ ٹاسک دیاجاتا کہ اس پر پوری تیاری کیساتھ کام کا آغاز کرے۔ 18ویں ترمیم کو 9ماہ لگے جس میں عوام کی آراکو بھی شامل کیا گیا۔ اشتہار بھی جاری کئے گئے اور پھر ہر جماعت کے رہنماؤں نے جو پارلیمنٹ میں موجود تھے اس پر دستخط کیے۔ حیرت ہوتی ہے جب وہی جماعتیں اور وہی چہرے اسی فورم سے 26ویں اور 27 ویں ترامیم منظور کراتے ہیں، جو خود 18 ویں ترمیم اور ’میثاقِ جمہوریت‘ کی نفی کرتی ہے۔

اب بات28 ویں ترمیم تک آگئی جسکے خدوخال واضح نہیں ہیں بہرحال بادی النظر میں چاروں صوبوں کی شکل بدلنے جارہی ہے۔ اب بات 12صوبوں تک رک جائیگی یا شاید اس سے بھی زیادہ کیا اس کے بعد وفاق کا کنٹرول مکمل طور پر ختم ہوجائیگا۔ کیا یہ مستقل سیاسی فیکٹری بند کردی جائیگی اورآئندہ الیکشن اس مجوزہ نظام کے تحت ہونگے یا اس نئی دریافت میں ابھی اور وقت لگے گا۔ تاہم مجوزہ نظام کو ایک ناکام سسٹم کہنے والے اس پر بحث جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ بھی ہے کہ اس نئے نظام میں کھلاڑی بھی نئے ہوں گے یا پُرانے سکّوں ہی سے نیا نظام چلایا جائیگا۔ ابھی چند سال پہلے ہی ملک کو ’ہائبرڈنظام‘ دیا گیا اور دو جماعتی نظام اور خاندانوں کی سیاست پر پورا بیانیہ کھڑا کیا گیا، اور تیسرے آپشن کے طور پر عمران خان کی خاموش حمایت کی گئی۔

ویسے تو عمران سیاست میں 1997ءمیں آیا مگر جنرل حمید گل سے اختلافات کے بعد اُس نے اپنا راستہ خود چُنا۔مگر سیاسی ناتجربہ کاری بار بار آڑے آئی جب اس نے جنرل پرویز مشرف کی 12؍اکتوبر1997ءکی نہ صرف حمایت کی بلکہ 2001کے ریفرنڈم میں جنرل مشرف کو ووٹ بھی دیا۔ البتہ مشرف سے 2002 کے الیکشن کے معاملے میں اختلاف ہوا اور اُس نے جنرل مشرف کی حمایت کو اپنی بڑی سیاسی غلطی تسلیم کیا۔ تاہم اُس وقت کی مقتدرہ اُس کو اُس وقت بھی تھرڈ آپشن کے طور پر دیکھ رہی تھی اور خاموش حمایت بھی کررہی تھی۔ لہٰذا شریف، زرداری، کرپٹ بیانیہ زور پکڑتا گیا جس کو مزید طاقت پانامہ پیپرز سے ملی اور یوں میاں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور وہ خود نا اہل ہوئے گو کہ شاہد خاقان عباسی 2017 سے 2016 تک وزیراعظم رہے۔ 2018 میں عمران خان وزیر اعظم بنے۔ تاہم دو سال میں ہی معاملات خراب ہوگئے۔ اور 2022میں اُنکی حکومت کا بھی خاتمہ ہوا۔ دلچسپ امریہ ہے ’کرپشن کے بیانیہ‘ کو پسِ پشت ڈال دیا گیا اور 2024 میں میاں شہباز شریف وزیر اعظم اور آصف علی زرداری دوسری بار صدرِ مملکت بن گئے۔

اب سیاسی فیکٹری سے جو نیا نظام لانے کی تیاری جارہی ہے۔ جس میں نئے صوبے بھی ہونگے اور کسے پتا پارلیمانی نظام ہوگا یا صدارتی نظام، کیا پتا یہ سیاسی پلیئرز ہوں یا کوئی اورجس طرح زرداری صاحب اور شریفوں کی واپسی ہوئی کہیں ایسے ہی تو بانی پی ٹی آئی کی واپسی کا امکان نہیں کیونکہ بہرحال وہ ماضی میںنئے صوبوں کے حامی تو رہے ہیں، کیا پتا کسی اور کی بھی واپسی ممکن ہوجائے۔ اس ’سیاسی تجربہ گاہ‘ میں سب ممکن ہے۔ ایک بات یقینی ہے سال۔2027 سیاسی طور پر خاصہ ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے چاہے کوئی ریفرنڈم ہو یا کچھ اور بس انتظار ہے۔ ’سیاسی تجربہ گاہ‘ سے ایک نئی سیاسی دریافت کا۔ پاکستان میں ویسے بھی بے یقینی کی صورتحال ہی ہمیشہ یقینی رہی ہے۔