اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں، کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاست دانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں، ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئےسندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر راستے بند کرنا شروع کردیے تو یہ سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس معاملے کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے پیدا ہو۔ وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بھی کہا کہ کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لائی جاسکتی، سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے، خون خرابے کی باتیں کرکے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔

