اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی 30ویں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے اتوار کو ایرانی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔پاکستان آمد پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم، سفارت خانے اور دفتر خارجہ کے حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔
عباس عراقچی پاکستان میں دو روزہ قیام کے دوران اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرینگے، جہاں وہ رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔ اجلاس میں اقتصادی اور تجارتی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے سےمتعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی۔ ان کے ہمراہ 35 سے 40 ایرانی صحافیوں پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔
پاکستان 15 اور 16 نومبر کو اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، جبکہ تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
پاکستان نے 2026ء اور 2027ء کیلئے تنظیم کی سربراہی سنبھالی ہے۔ اس دوران علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے، رابطوں اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے مواقع بڑھانے کو ترجیح دی جائیگی۔عباس عراقچی دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے عمان روانہ ہوں گے، جہاں وہ اپنے عمانی ہم منصب سے ملاقات اور علاقائی امور پر مشاورت کریں گے۔

